ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹکا میں کے ایس آر ٹی سی کی سٹی بس سرویس متعارف 637 نئی بسوں کو سدرامیا نے دکھائی ہری جھنڈی

کرناٹکا میں کے ایس آر ٹی سی کی سٹی بس سرویس متعارف 637 نئی بسوں کو سدرامیا نے دکھائی ہری جھنڈی

Thu, 18 Aug 2016 23:34:35    S.O. News Service

بنگلورو۔18/اگست(عبدالحلیم منصور/ایس او نیوز) ریاست کے ہر شہری کو بہترین بس سہولیات کی فراہمی کے تئیں حکومت کی پابندی کا اعادہ کرتے ہوئے سدرامیا نے کہاکہ ریاست کے ہر دیہات میں بس خدمات شروع کرنے کیلئے حکومت پوری طرح تیار ہے۔ کے ایس آر ٹی سی کی طرف سے پہلی مرتبہ جدید ترین سٹی بس خدمات میں شامل بسوں کو آج ودھان سودھا کے سامنے ہری جھنڈی دکھانے کے بعد انہوں نے کہاکہ نقصان ہی کیوں نہ ہو، لیکن حکومت بہترین بس سہولیات عوام بالخصوص طلبا اور معذورین کو فراہم کرنے اور ساتھ ہی طلبا، معذوروں،مجاہدین آزادی اور معمر افراد کو رعایت دینے کی پابند ہے۔ ہاسن، شیموگہ، بھدراوتی، چکبالاپور، رام نگرم، میسور، چامراج نگر، چکمگلور، ٹمکور، داونگیرے، منگلور، اڈپی، مرکیرہ، کولار، کے جی ایف، چترادرگہ اور منڈیا شہروں میں 637 نئی بسوں کودوڑایا جائے گا۔ ان بسوں میں پہلی بار ہنگامی حالات میں کنٹرول روم کو اطلاع دینے کا نیا نظام متعارف کروایا گیا ہے۔ہنگامی حالات میں بس کے ڈرائیور کی طرف سے اپنی سیٹ کے پاس ایک بٹن دبادیا جائے تو بس کو جو مشکل لاحق ہے اس کی اطلاع کنٹرول روم کو مل جائے گی۔ ان بسوں میں ایک اور سہولت یہ ہے کہ مسافروں کی حفاظت کا خیال رکھتے ہوئے بس کو اسی وقت دوڑایا جاسکتا ہے جب اس کے تمام دروازے بند ہوں، ہر بس میں معذوروں کی سہولت کیلئے خصوصی ریامپ بنایا گیا ہے۔ اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ رام لنگا ریڈی نے بتایا کہ بہترین خدمات کے سبب کے ایس آر ٹی سی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر 212اعزات سے سرفراز کیا گیا ہے۔مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے اشتراک سے ریاست کے 38 شہروں میں سٹی بس سرویس شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ایس آر ٹی سی کے 1.15لاکھ ملازمین کو تاریخ میں پہلی بار 12.5 فیصد تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ بس پاس اور دیگر رعایتوں کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کے ایس آر ٹی سی اور اس کی دیگر شاخوں کو 4/ سو کروڑ روپے مہیا کرائے ہیں۔ چاروں ٹرانسپورٹ کارپوریشنوں میں مختلف قسم کی 2499  بسوں کی شمولیت کی جارہی ہے۔نئے بس اسٹانڈس تعمیر کرنے کے ساتھ قدیم بس اسٹانڈوں کی جدید کاری بڑے پیمانے پر کی جارہی ہے، اس کے ساتھ ہی بس ڈپو، علاقائی اور ڈویژنل دفاتر، ورک شاپس کی تیاری کا کام تیزی سے پورا ہو رہا ہے اور ہر جگہ حفاظتی انتظامات کا خیال رکھتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے شہر کے خلاصی پالیم میں 60کروڑ روپیوں کی لاگت سے تیار ہونے والے نئے بس اسٹانڈ کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔ چارمنزلہ بس اسٹانڈ میں کے ایس آر ٹی سی، بی ایم ٹی سی اور بین ریاستی بسوں کے ٹھہرنے کے انتظامات ہوں گے۔آٹو اسٹانڈ، لفٹ، بیت الخلاء کی سہولت کے ساتھ سٹی مارکیٹ میٹرو اسٹیشن کو جوڑنے کیلئے ایک سرنگ بھی مہیا کرائی جائے گی۔اس بس اسٹانڈ کی تعمیر کیلئے 4.13 ایکڑ زمین خالی کرالی گئی ہے۔گنجور میں بی ایم ٹی سی ملازمین کیلئے کوارٹرس کی تعمیر کا بھی اس موقع پر سدرامیا نے افتتاح کیا۔ تقریب میں وزیر صحت رمیش کمار، رکن پارلیمان، ڈی کے سریش، رکن اسمبلی آر وی دیوراج، شکنتلا شٹی، رامکا، شیورام ہبار، رکن کونسل اگرپا، گووند راجو، کے ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر راجندر کمار کٹاریہ، بی ایم ٹی سی کی منیجنگ ڈائرکٹر ایکروپ کوروغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دیگر اہم شخصیتوں کے ساتھ نئی بس میں ودھان سودھا کا ایک چکر لگایا۔
 


Share: